اسلام آباد: چئیرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کرکٹ بورڈ اور ہاکی فیڈریشن میں وسائل کے بے دریغ استعمال کی شکایت پر پاکستان اسپورٹس بورڈ میں بدعنوانیوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق نیب کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیئے میں بتایا گیا ہے کہ چئیرمین نیب نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن میں مبینہ بدعنوانی کی شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دے دیا ہے، چئیرمین نے پاکستان اسپورٹس بورڈ میں مبینہ بدعنوانیوں اور وسائل کے بے دریغ استعمال کی شکایت پر تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ اسپورٹس بورڈ ، کرکٹ بورڈ اور ہاکی فیڈریشن میں بدعنوانیوں کی تحقیقاتی رپورٹ 2 ماہ کے اندر پیش کی جائے۔

ڈونیڈن:  شاداب خان نے کہا ہے کہ غلطی کی گنجائش نہیں ، نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے میچ میں فتح کا عزم لیے میدان میں اتریں گے، بیٹنگ میں اپنی کارکردگی سے خوش، بولنگ میں بہتری لانے کیلیے کوشاں ہوں۔قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر شاداب خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیٹنگ میں اپنی کارکردگی سے خوش ہیں، ہم اپنی ہوم سیریز یو اے ای میں کھیلتے رہے ہیں جس کی وجہ سے وہاں کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ تھے تاہم نیوزی لینڈ میں کنڈیشنز بالکل مختلف ہیں، وہاں باﺅنس زیادہ نہیں ہوتا جبکہ یہاں گیند زیادہ باﺅنس ہوتی ہے جس کی وجہ سے بیٹسمینوں کو مشکلات درپیش ہیں، کیوی کنڈیشنز کی وجہ سے بولنگ میں مشکل پیش آ رہی ہے، ٹیم کارکردگی بہتر بنانے کیلیے بھرپور کوشش کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ حسن علی بولنگ کی طرح بیٹنگ میں بھی بہت جارح مزاج ہیں، انہوں نے گزشتہ میچ میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا، وہ اس سے قبل نیٹ پریکٹس میں بھی بڑے شاٹس کھیلتے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا ون ڈے میچ آج شب کھیلا جائے گا۔