nawaz sharif1

نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت شروع

نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت شروع

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف دائر نیب ریفرنسز کی سماعت اسلام آباد کی احتساب عدالت میں شروع ہوگئی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ریفرنسز پر سماعت کر رہے ہیں۔

احتساب عدالت کی جانب سے 2گواہوں کمشنر اِن لینڈریونیو جہانگیر احمد اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی افسر سدرہ منصور کو طلبی کے سمن جاری کیےگئے تھے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر

سماعت کے موقع پر فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس کے باہر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات ہے۔

لیگی رہنما سعد رفیق، مریم اورنگزیب اور مصدق ملک بھی فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس پہنچ گئے جبکہ اس موقع پر لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود ہے۔

احتساب عدالت میں آج ایون فیلڈ پراپرٹیز اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی 12ویں جبکہ فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس کی 13ویں سماعت ہو رہی ہے۔

نیب ریفرنسز کا پس منظر
سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی کے فیصلے کی روشنی میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق تھے۔

نیب کی جانب سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کے صاحبزادوں حسن، حسین ، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا گیا۔

جبکہ العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور 15 آف شور کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا۔

ملزمان کی پیشیاں
سابق وزیراعظم نوازشریف 5 مرتبہ جبکہ ان کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن(ر)صفدر 7 بار احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوچکے ہیں۔

نوازشریف پر گذشتہ ماہ 19 اور 20 اکتوبر کو 3 ریفرنسز میں ان کے نمائندے ظافر خان کی موجودگی میں فرد جرم عائدکی گئی تھی۔

رواں ماہ 8 نومبر کو نوازشریف کی 5ویں پیشی پر ان پر دوبارہ فردجرم عائدکی گئی، تاہم انہوں نے صحت جرم سے انکار کیا۔

دوسری جانب مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر پر19 اکتوبر کوفردجرم عائدکی گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *